واشنگٹن(رم نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز بہت جلد کھل جائے گی، اور اگر ایسا نہ کیا گیا تو ایران کو انتہائی سخت فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکہ ایران پر ایک بڑا فوجی حملہ کرنے ہی والا تھا، لیکن اس دوران ایران نے خود مذاکرات کی درخواست کی۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر ایران کے ساتھ جاری یہ مذاکرات ناکام ہوئے تو واشنگٹن انتہائی سخت ردعمل ظاہر کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ معاہدے میں یہ لازمی ضمانت شامل ہوگی کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر پائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان بہت اچھی بات چیت جاری ہے، لیکن اگر تہران نے معاہدہ نہ کیا تو صورتحال اس کے لیے انتہائی خراب ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس کی پالیسیاں امریکہ کو تباہ کر دیں گی، جبکہ سوشلسٹ اور کمیونسٹ نظریات کے زیر اثر چلنے والے شہر بدحالی اور گندگی کا شکار ہیں۔