بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج، مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کی قرارداد پیش ہوگی

کوئٹہ(رم نیوز )بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مشترکہ قرارداد پیش کی جائے گی۔ اعلامیے کے مطابق قرارداد وزیراعلیٰ، صوبائی وزراء اور پارلیمانی سیکرٹریز پیش کریں گے۔ قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کر کے کشمیریوں سے ان کی شناخت اور بنیادی حقوق چھین لیے ہیں، جس کے بعد وادی میں ریاستی دہشتگردی اور پابندیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ قرارداد کے ذریعے اس عزم کا اعادہ کیا جائے گا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی، اور ان کی سفارتی و قانونی معاونت کے لیے ایک جامع قومی لائحہ عمل تشکیل دینے کا مطالبہ بھی کیا جائے گا۔