اسلام آباد(رم نیوز) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم استحصالِ کشمیر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ 5 اگست کشمیریوں کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، تاہم کوئی بھی طاقت ان کی شناخت اور حقِ خودارادیت کو ختم نہیں کر سکتی۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ تحریک آزادی کشمیر اپنی منزل تک جاری رہے گی۔ انہوں نے بھارتی جیلوں میں حریت قیادت پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر کے کشمیری مقبوضہ وادی کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔