پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں بہاؤ نارمل، چند مقامات پر نچلا سیلاب:پی ڈی ایم اے

لاہور (رم نیوز) پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر جبکہ نارووال کے چند ندی نالوں میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے پیش نظر لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیا ہے۔ انتظامیہ نے دریاؤں کے کناروں پر بسنے والے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں۔