پنجاب یونیورسٹی کے انڈرگریجوایٹ پروگرامز میں داخلوں کی تاریخ میں ریکارڈ اضافہ، درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار سے تجاوز کر گئی

لاہور(رم نیوز) پنجاب یونیورسٹی کے انڈرگریجوایٹ پروگرامز کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں میں گزشتہ سال کی نسبت شاندار اور حیرت انگیز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق رواں سال 25 ہزار سے زائد اضافی حتمی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ترجمان کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، امسال پنجاب یونیورسٹی کو مجموعی طور پر 1,47,909 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 1,13,182 درخواستوں کو حتمی قرار دیا گیا۔ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال (2025ء) پہلے مرحلے میں کل 1,20,395 درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن میں سے 87,831 درخواستیں حتمی قرار پائی تھیں۔

وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے اس تاریخی اضافے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ درخواستوں میں یہ نمایاں اضافہ اس بات کا پختہ ثبوت ہے کہ پنجاب یونیورسٹی اعلیٰ معیارِ تعلیم کے باعث طلبہ کی پہلی چوائس بن چکی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس سال انٹری ٹیسٹ اور داخلوں کے پورے عمل میں تاریخ میں پہلی مرتبہ اے آئی چیٹ بوٹ بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ طلبا کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

ڈاکٹر محمد علی نے عزم ظاہر کیا کہ یونیورسٹی طلبہ کی تعلیمی، ہم نصابی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے باصلاحیت، ذمہ دار اور باکردار نوجوان تیار کرنے کے لیے پرعزم ہیں جو آگے چل کر معاشرے، صنعت اور ملک کی ترقی میں مؤثر اور کلیدی کردار ادا کریں۔