پورٹ آف سپین ٹیسٹ، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیریز برابر کردی

پورٹ آف سپین(رم نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ پورٹ آف سپین میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی بولرز اور بیٹرز نے شاندار کھیل پیش کیا۔ میچ کے چوتھے روز ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 117 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 43 رنز کی برتری حاصل تھی، جس کی وجہ سے پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے محض 75 رنز کا ہدف ملا جو قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی پورا کر لیا۔دوسری اننگز میں بھی پہلی اننگز کی طرح عبداللّٰہ شفیق 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ کپتان بابر اعظم نے بھی 24 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے روز جب ویسٹ انڈیز نے 103 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو پاکستانی سپنرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری ٹیم کو 47 اوورز میں 117 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ ویسٹ انڈیز کے بلے باز برینڈن کنگ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہیں آئے، جبکہ کیویم ہوج 34 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے سپنرز علی عثمان اور ساجد خان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاسٹ بولر محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ میچ کی پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز نے 344 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کے شاندار ناقابلِ شکست 160 رنز، بابر اعظم کے 88 رنز، اذان اویس کے 55 رنز اور ساجد خان کے 30 رنز کی بدولت 387 رنز بنا کر 43 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔