مکہ مکرمہ(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران مکہ مکرمہ میں عمرہ کی سعادت حاصل کی۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے، جبکہ وفد میں وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطا تارڑ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شامل تھیں۔ عمرہ کی ادائیگی سے قبل پاکستانی وفد نے کعبہ شریف کی زیارت کی اور ملک کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ واضح رہے کہ جدہ پہنچنے پر نائب گورنر جدہ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔ اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی، ملک کی سلامتی کیلئے دعائیں