اسلام آباد(رم نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لیے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور باعزت روزگار فراہم کرنا دراصل ملک کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن "مختلف حالات، مشترکہ امنگیں" کے عنوان سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوانوں نے مختلف شعبوں میں قومی و عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، اور حکومت انہیں جدید تعلیم، فنی تربیت، ڈیجیٹل جدت اور کاروبار کے مواقع فراہم کر کے بااختیار بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔