ممکنہ بارشوں اور سیلاب کے پیش نظر پنجاب کے متعلقہ محکمے ہائی الرٹ، فلڈ مانیٹرنگ سیل چوبیس گھنٹے فعال

لاہور(رم نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ممکنہ بارشوں، اربن فلڈنگ اور سیلاب کے خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر کے متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے اس سلسلے میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں ریسکیو تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی، رسپانس کی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات، نئی تربیتی سہولیات اور جدید واٹر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، ڈی واٹرنگ پمپس اور ریسکیو گاڑیوں سمیت ضروری آلات کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام اضلاع کو پیشگی الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کم سے کم رکھنے کے لیے پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے درمیان رابطہ کاری اور مشترکہ کنٹرول روم کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔