کراچی(رم نیوز)یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ روایت کے مطابق ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس یہ ذمہ داری نبھاتے ہیں۔
بانی پاکستان کے مزار پر مامور پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں؛ جن میں ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز اور دوسرا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دے کر بانی پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔