کراچی پورٹ پر یومِ آزادی کی تقریب، مضبوط معیشت اور تجارتی فروغ ہی حقیقی خودمختاری کی ضمانت ہے: جنید انوار چوہدری

کراچی(رم نیوز)یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر کراچی بندرگاہ پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ہم سب کو مل کر ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارادے اتنے مضبوط ہیں کہ کوئی بھی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اور ملک کی خاطر ہمیں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہماری عزتِ نفس محفوظ ہے اس لیے ہمیں آزادی کی بھرپور قدر کرنی چاہیے۔

نئی نسل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نئی نسل کو بتانا ہوگا کہ پاکستان کے قیام کے لیے کتنی عظیم قربانیاں دی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حقیقی خودمختاری مضبوط معیشت اور تجارتی فروغ سے ہی ممکن ہے، لہذا علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کو مزید فروغ دینا ہوگا۔ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی کارکردگی اور پیش رفت ہمارے عزم کی روشن مثال ہے، ہمیں صرف روایتی ریکارڈز نہیں بلکہ نئے معیار قائم کرنے ہیں کیونکہ ہماری حتمی منزل ایک مضبوط، خوددار اور خوشحال پاکستان ہے۔