اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش، نالہ لئی میں طغیانی

اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار مون سون بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 17 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ انتظامیہ نے خطرے کے سائرن بجا کر مکینوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی ہے جبکہ ڈھوک کھبہ اور صادق آباد میں پانی گھروں میں داخل ہو چکا ہے۔ گولڑہ میں سب سے زیادہ 144 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گجرات، سیالکوٹ اور جہلم میں فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی معطل ہو گئی ہے، جبکہ 21 اگست تک مزید بارشوں، اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔