وزیراعظم شہباز شریف کی حج انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور عازمین کو سہولیات دینے کی ہدایت

اسلام آباد (رم نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئندہ حج کے موقع پر عازمینِ حج کو تمام تر بہترین سہولیات کی فراہمی اور جملہ انتظامات بروقت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ ہدایات انہوں نے وفاقی وزیرِ مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ہونے والی ملاقات کے دوران دیں۔ ملاقات میں وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو آئندہ حج کے سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں اور اب تک کی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ، وفاقی وزیر نے وزارتِ مذہبی امور کے دیگر امور اور اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حج کے تمام انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عازمین کو ہر ممکنہ آسانی فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات وقت پر مکمل کیے جائیں گے۔