اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ قومی فشریز اینڈ ایکوا کلچر پالیسی پر تیزی سے کام جاری ہے، جس کا مقصد جدید طریقوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعے ماہی گیری کے شعبے سے سالانہ 10 ارب ڈالر تک کی آمدن حاصل کرنا ہے۔ وہ وزارت بحری امور اور اس کے ماتحت اداروں کی کارکردگی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے بحری شعبے میں کاروبار کو مزید سہل بنانے، گوادر پورٹ پر 100 ایکڑ رقبے پر آف ڈاک ٹرمینل کے قیام اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے سہولیات دینے کے لیے "ون ونڈو آپریشن" کے قیام کی تعریف کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندری ماحول کے تحفظ اور بلیو اکانومی کو فروغ دینے کے لیے حکومتی اقدامات کو مؤثر بنایا جا رہا ہے، جبکہ واگزار کرائی گئی بندرگاہی اراضی کے بہترین استعمال سے ملک میں اضافی معاشی وسائل پیدا ہوں گے۔