اسلام آباد(رم نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملکی معیشت اور سیاسی صورتحال پر اہم فیصلے اور گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب تک مذاکرات کی میز پر آتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیاسی سطح پر حکومت اور پی پی کے اپوزیشن سے رابطے بھی جاری ہیں۔
معاشی امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 32 روپے کی کمی کو خوش آئند قرار دیا اور وزارتِ پیٹرولیم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی صورتحال کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں، تاہم حکومت نے مشکل حالات میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 128 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت نے پی ایس ڈی پی میں کٹوتی کی ہے اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی میں صوبوں نے بھی بھرپور ساتھ دیا ہے۔