واشنگٹن(رم نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت گیر مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ایران کو کسی بھی قیمت پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور اس مقصد کے لیے وہ سو مرتبہ بھی جنگ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔ مائیکل کوہن ریڈیو شو میں تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے انکشاف کیا کہ امریکی بی ٹو (B-2) بمبار طیاروں کے تباہ کن حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو مٹی میں ملا دیا ہے، اور جس وقت یہ کارروائی کی گئی، ایران ایٹمی ہتھیار بنانے سے محض دو ہفتے کی دوری پر تھا۔
انہوں نے اوباما اور بائیڈن انتظامیہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بروقت قدم اٹھاتے تو اس خطرناک صورتحال سے بچا جا سکتا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ سخت امریکی کارروائیوں اور پابندیوں کے باعث ایران کی عسکری اور معاشی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہو چکی ہے۔ پانچ ماہ کے مقابلے میں اب ایران کی میزائل اور ڈرون تیار کرنے کی صلاحیت میں نمایاں کمی آ چکی ہے۔ایران اس وقت 300 فیصد مہنگائی، انتہائی کمزور کرنسی اور فوج کو تنخواہوں کی ادائیگی جیسے سنگین معاشی بحرانوں میں گھرا ہوا ہے۔امریکی صدر نے اپنے عزم کا اعادہ کیا کہ مشرق وسطیٰ بالخصوص اسرائیل کو ایٹمی خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے تہران کے خلاف ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔