اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت گوگل کے اعلیٰ وفد کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ دیا گیا، جس میں پاکستان اور گوگل کے درمیان قومی ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کے فروغ کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔تقریب میں پاکستان کی جانب سے سیکرٹری زرارہاشم خان اور گوگل کے جنوب مشرقی و جنوبی ایشیا کے پبلک پالیسی سربراہ ڈیوڈ ویلر نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس تاریخی تعاون کا بنیادی مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل مہارتوں، آئی ٹی برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی کو وسعت دینا ہے۔
گوگل نے سال 2026 کے لیے پاکستان میں کیریئر سرٹیفکیٹس کے 1 لاکھ 50 ہزار سرٹیفکیٹس دینے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ پاکستانی طلبہ کو ایک سال تک گوگل اے آئی پلس اور جیمنائی سمیت جدید ترین مصنوعی ذہانت ، اے آئی ٹولز تک مفت رسائی حاصل ہوگی۔ اسلام آباد میں اے آئی سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی تربیت دی جا سکے۔ایف بی آر کے نظام اور زرعی شعبے میں فصلوں کی نگرانی کے لیے اے آئی کا استعمال بڑھایا جائے گا۔ آئی ٹی برآمدات اور ڈیجیٹل معیشت کو 2030 تک 30 ارب ڈالر تک پہنچانے کے ویژن کے تحت ایک مشترکہ ٹاسک فورس بھی قائم کر دی گئی ہے۔