ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ کے بغیر پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہیں چل سکے گی: شرجیل میمن

کراچی(رم نیوز) سندھ حکومت نے مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور موٹر وہیکل انسپیکشن ونگ کو ملک بھر میں چیکنگ کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ صوبائی وزیرِ ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور درست فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر سڑکوں پر آنے والی تمام گاڑیوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دستی روٹ پرمٹس کو غیر مؤثر تصور کر کے منسوخ کیا جا رہا ہے، جبکہ تمام پبلک گاڑیوں میں آگ بجھانے کے آلات (فائر ایکسٹنگیوشر) کی موجودگی لازمی ہوگی۔ صوبائی وزیر نے افسران کو حکم دیا ہے کہ کارروائیوں کی رپورٹ ہر دو ہفتے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کو جمع کرائی جائے، اور بار بار قوانین توڑنے والے آپریٹرز کے نام بلیک لسٹ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے روٹ پرمٹس اور لائسنس منسوخ کیے جائیں۔