لاہور(رم نیوز)محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور شمال مشرقی حصوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ دریائے سندھ میں تاحال سیلابی ریلے رواں ہیں۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق آج دوپہر کے بعد شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ان سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ ادھر فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور نے بتایا ہے کہ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 98 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جہاں درمیانے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ اس کے علاوہ چشمہ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی کیفیت ہے، جبکہ ملک کے دیگر تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیشگوئی، دریائے سندھ میں سیلابی صورتحال برقرار