بیجنگ(رم نیوز)چینی صدر شی جن پنگ نے اردن کے شاہ عبداللہ دوم سے ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے بحران پر گفتگو کرتے ہوئے اسرائیل اور فلسطین کے مابین امن مذاکرات فوری طور پر دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بیجنگ میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران چینی صدر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "دو ریاستی حل" ہی مسئلہ فلسطین کا بنیادی اور درست راستہ ہے، اس لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جلد از جلد عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے، جامع جنگ بندی اور تمام ممالک کی خودمختاری کے احترام پر زور دیا۔ شی جن پنگ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کی جنگ کے بعد کی تعمیرِ نو اور مغربی کنارے کے امور میں "فلسطینیوں کی حکمرانی" کے اصول کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے بھی پرزور مطالبہ کیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی اور سنگین انسانی بحران کے خاتمے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
مسئلہ فلسطین، چین کی جانب سے امن مذاکرات کی بحالی اور دو ریاستی حل کا مطالبہ