لاہور(رم نیوز) ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادتِ باسعادت عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے، عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں جشنِ میلاد کی مناسبت سے گلیوں، بازاروں، شاہراہوں اور عمارتوں کو سبز جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے۔ لاہور کے محفوظ شہید گریژن میں یومِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر نمازِ فجر کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے 21 توپوں کی سلامی پیش کی۔
اس موقع پر نعرۂ تکبیر بھی بلند کیا گیا۔ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ملک بھر کی مساجد کو بھی خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔ نمازِ فجر کے بعد مساجد میں پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ درود و سلام، نعت خوانی اور محافلِ میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی، فیصل آباد، سکھر اور دیگر شہروں میں میلاد النبی ﷺ کے جلوس، مذہبی اجتماعات اور محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔ مختلف علاقوں میں نیاز اور لنگر بھی تقسیم کیا جا رہا ہے۔ جشنِ میلاد کے موقع پر عاشقانِ رسول ﷺ بڑی تعداد میں مذہبی اجتماعات میں شریک ہو کر نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔
مختلف مقامات پر محرابیں، آرائشی دروازے اور استقبالیہ مقامات بھی سجائے گئے ہیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے راستوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ شرکا کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ ملک بھر میں سبز پرچموں، چراغاں، نعتوں اور درود و سلام کی صداؤں نے جشنِ میلاد کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے، جبکہ عاشقانِ رسول ﷺ کا جوش و خروش دیدنی ہے۔