وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا پمز آتشزدگی کے واقعے پر اظہارافسوس

اسلام آباد(رم نیوز) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے۔اس افسوسناک واقعے کے پیش نظر، وفاقی وزیر نے وزارتِ بحری امور کے ماتحت تمام اداروں کو اپنی عمارتوں کا فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کی سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 15 روز کے اندر اندر اپنی تمام عمارتوں کی آڈٹ رپورٹس لازمی طور پر جمع کرائیں۔

اس فائر سیفٹی آڈٹ میں دفاتر، ہسپتال، رہائشی عمارتیں اور گودام شامل ہوں گے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ ہسپتال کے فائر سیفٹی آڈٹ کو اولین ترجیح دینے کا حکم دیا گیا ہے۔عمارتوں میں نصب فائر الارمز، سپرنکلرز اور دھوئیں کے ڈیٹیکٹرز کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ بجلی کی وائرنگ اور ممکنہ آتشزدگی کے دیگر خطرات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ فائر ایگزٹس، ہنگامی راستوں اور سیڑھیوں کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے بالکل پاک رکھا جائے۔ خراب یا ناکارہ فائر فائٹنگ آلات کو فوری طور پر تبدیل کیا جائے۔ فائر سیفٹی پروٹوکولز، عمارت کے محفوظ انخلاکی مشقوں اور عملے کی پیشگی تربیت کو لازمی بنایا جائے۔