اپنے ملک کا دفاع کرنا ہمارا جائز حق ہے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

تہران(رم نیوز) ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اپنے ملک کا دفاع کرنا ہمارا بنیادی اور جائز حق ہے، جسے ہم نے بھرپور انداز میں استعمال کیا۔چالیسویں (40ویں) انٹرنیشنل اسلامک یونیٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران آج کسی کمزوری کا شکار نہیں ہے بلکہ وہ بخوبی جانتا ہے کہ اپنی ملکی سلامتی کا دفاع کیسے کرنا ہے۔ انہوں نےکہا کہ امریکہ اور صہیونی ریاست نے مذاکرات کے عمل کے دوران ایران پر جنگ مسلط کی، ہم نے خود کبھی جنگ کی ابتدا نہیں کی بلکہ جارحیت کا سامنا کرنے پر مضبوط مزاحمت کے ذریعے اپنا دفاع کیا۔

مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فلسطین کا دفاع کرنا اور اس پر ہونے والے قبضے کو مسترد کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اسلامی ممالک کو آپس میں ایک دوسرے کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچانے کا پختہ عہد کرنا چاہیے اور مشرق وسطیٰ کی سلامتی کا انتظام بیرونی طاقتوں کے بجائے خود اسلامی خطے کو سنبھالنا ہوگا۔ اس واقعے اور تناظر میں ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی طرف سے اب ایسی نئی پابندیوں کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے جو حقیقت میں پہلے سے ہی نافذ العمل ہیں۔