اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، پی ڈی ایم اے نے مون سون کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 6 ستمبر کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب، پراوینشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون کے آٹھویں سپیل کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ یکم سے 5 ستمبر کے دوران مری اور گلیات میں بھی بادل برسنے کی توقع ہے، جس کے پیشِ نظر مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔