مشکل وقت میں کھلاڑیوں پر ملبہ نہیں ڈالوں گا، سیریز کے بعد لائحہ عمل طے کریں گے: ہیڈ کوچ سرفراز احمد

لندن(رم نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے دوران خراب کارکردگی اور مایوس کن بیٹنگ پرفارمنس پر ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ کھلاڑی توقعات پر پورا نہیں اتر سکے، لیکن وہ اس تمام صورتحال کا ملبہ اکیلے کھلاڑیوں پر نہیں ڈالیں گے۔ لارڈز ٹیسٹ کے دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یہ ہماری اپنی قومی ٹیم ہے اور ملک کے بہترین کھلاڑی اس کا حصہ ہیں۔ انہوں نے ٹیم کے توازن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ یہ رہا ہے کہ جب ہم بیٹنگ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں، تو بولنگ ناکام ہو جاتی ہے، اور جب بولنگ اچھی ہوتی ہے تو بلے باز رنز بنانے میں ناکام رہتے ہیں۔

ہیڈ کوچ نے محمد رضوان، سعود شکیل اور سلمان علی آغا کی سابقہ کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کھلاڑیوں نے ماضی میں شاندار کھیل پیش کیا ہے، لیکن آج اگر وہ فارم میں نہیں ہیں اور رنز نہیں کر پا رہے، تو بطور ہیڈ کوچ وہ اس مشکل وقت میں اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورہ انگلینڈ کی اس سیریز کے اختتام پر تمام متعلقہ امور کا جائزہ لینے کے لیے تفصیلی بیٹھک ہوگی۔سرفراز احمد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ ٹیم کی بلے بازی میں واضح مسائل موجود ہیں، تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ تمام لڑکے محنتی ہیں اور ٹیم کی بہتری کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔