اوگرا نے ایل این جی کی قیمتوں میں 27 فیصد سے زائد کمی کردی

اسلام آباد(رم نیوز)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی قیمتوں میں 27.71 فیصد تک بڑی کمی کا اعلان کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس سے ملک کے دونوں بڑے گیس نیٹ ورکس کے صارفین کو ریلیف ملے گا۔ اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے سسٹم کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.81 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی نمایاں کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 19.03 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر ہو گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ قیمت 25.84 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔ اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی کے سسٹم پر ایل این جی کی قیمت میں 6.95 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کمی کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں سوئی سدرن کے صارفین کے لیے نئی قیمت کم ہو کر 18.13 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو طے کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ سابقہ قیمت 25.08 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تھی۔