وزیر مملکت بلال بن ثاقب کی ہانگ کانگ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں، ڈیجیٹل فنانس اور فِن ٹیک میں تعاون پر اتفاق

ہانگ کانگ(رم نیوز) وزیرِمملکت اور پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی کے چیئرمین بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں اعلیٰ سطح کے دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن کا مقصد ڈیجیٹل فنانس، ٹوکنائزڈ کیپٹل مارکیٹس اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

بلال بن ثاقب نے اس دورے کے دوران ہانگ کانگ مانیٹری اتھارٹی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو، سیکرٹری برائے مالیاتی خدمات و خزانہ، اور قانون ساز کونسل کے ایک رکن سے ملاقات کی۔ملاقاتوں میں ہانگ کانگ کے اس جدید تجربے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے ذریعے اس نے مالیاتی مارکیٹ کا مضبوط بنیادی ڈھانچہ تیار کیا اور ڈیجیٹل اثاثوں کے لیے ایک منظم ریگولیٹری ماحول قائم کیا۔ اس کے علاوہ فِن ٹیک، ویب تھری، مصنوعی ذہانت اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں اشتراکِ عمل کے نئے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔