اسلام آباد(رم نیوز) پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی شعبے میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کی سعودی عرب کو زرعی و غذائی مصنوعات کی برآمدات آئندہ دو سال میں 3 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف مقرر کرلیا۔ دونوں ممالک کے درمیان زرعی اور غذائی تحفظ کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پراسیسڈ فوڈ، پھل، فروٹ کنسنٹریٹس اور سبز چارے کی برآمدات میں اضافے کو ترجیح دی جائے گی۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت انجینئر عبدالرحمٰن اے الفضلی کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست تک اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس دوران وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے علاوہ پاکستان اور سعودی عرب کے زرعی و غذائی تعاون سے متعلق حکام اور نجی شعبے کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً 169 ہزار ٹن چاول برآمد کیے، جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر تھی۔ سعودی فریق نے پاکستانی چاول کی درآمد مزید بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ سرخ گوشت کے شعبے میں پاکستان سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن گوشت سعودی عرب برآمد کررہا ہے، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین ڈالر ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے نجی شعبے کے درمیان کاروباری روابط مضبوط بنانے، معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا۔