اسلام آباد(رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزراء جام کمال خان، عبدالعلیم خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود ہیں۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور "ایس سی او پلس" سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ نومیڈ گیمز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے اور مختلف ممالک کے رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔