پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کا مکہ معاہدے کے تحت دفاعی اور سٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

استنبول(رم نیوز)پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے مشترکہ دفاعی فریم ورک کے تحت باہمی روابط اور دفاعی ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے لیے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اہم فیصلہ استنبول میں منعقدہ مشترکہ دفاعی و سٹریٹجک سیاسی کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس میں تینوں برادر ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس کے اختتام پر جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے کے مطابق، تینوں ممالک 'مکہ معاہدے' کے فریم ورک کے تحت خطے میں پائیدار امن، استحکام اور سلامتی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔ اعلامیے میں خطے میں کشیدگی کو کم کرنے، تحمل کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کو ادارہ جاتی شکل دینے کے عزم کی توثیق کی گئی۔ اعلامیے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تینوں برادر ممالک دفاعی صنعتی شعبے اور جدید ٹیکنالوجی کی ترقی میں پیش رفت کے لیے مشترکہ سرگرمیاں سرانجام دیں گے، جبکہ مسلح افواج کے مابین آپریشنل ہم آہنگی، ربط اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی مزید بڑھایا جائے گا۔ عسکری و سیاسی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مکہ معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے ذریعے پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب علاقائی امن اور تعاون پر مبنی سلامتی کے قیام میں اپنا کلیدی اور بنیادی کردار ادا کرتے رہیں گے۔