فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں اہم ملاقاتیں، سعودی اور ترک عسکری و سیاسی قیادت سے دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال

استنبول (رم نیوز)چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورہ ترکیہ کے دوران استنبول میں اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، ان ملاقاتوں کا بنیادی مقصد برادر ممالک کے مابین دفاعی اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاقان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور ترک جنرل سٹاف کے سربراہ جنرل سلچوک بائرکتار اوغلو سے ملاقاتیں ہوئیں۔

اس کے علاوہ، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 'مکہ معاہدہ برائے مشترکہ دفاع' کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی عسکری و سیاسی قیادت نے اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی شعبے میں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے مختلف طریقوں کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ میں ہونے والی یہ ملاقاتیں اور سہ فریقی اجلاس پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے سٹریٹجک و دفاعی تعاون کی روشن عکاس ہیں۔