اسلام آباد(رم نیوز)اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے، جس کے باعث متعدد آبادیاں اور اہم تجارتی مراکز ڈوب گئے ہیں جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر قریبی مکینوں کو انخلاء کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ رات 3 بج کر 20 منٹ پر شروع ہوا جو صبح 8 بجے تک تھما۔ اس دوران شمس آباد میں 197 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 184 ملی میٹر، گولڑہ میں 157 ملی میٹر، پی ایم ڈی میں 146 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے نتیجے میں سڑکیں جھیل کا منظر پیش کرنے لگیں اور ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پیر ودھائی کے مضافات، صفدر آباد، گلی لوہاراں، فوجی کالونی، یونین کونسل 4 اور 5 کے علاوہ اعوان کالونی اور راولپنڈی کا معروف راجہ بازار بھی پانی کی لپیٹ میں آ گیا، جبکہ بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے مکینوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 27 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 21 فٹ تک پہنچ چکی ہے۔
خراب موسمی حالات اور حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے راولپنڈی کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں آج تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ دریں اثنا، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔