واشنگٹن(رم نیوز)امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران عالمی منڈی میں تیل اور گیس کی ترسیل میں رخنہ ڈالنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرنے کو تیار ہے، اور اس کے عسکری و جنگی اقدامات میں کوئی واضح سٹریٹجک حکمت عملی دکھائی نہیں دیتی۔ فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایرانی قیادت کے فیصلے غیر متوقع اور بے ربط ہیں۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ اندازہ تو تھا کہ تہران امریکی مفادات کو نشانہ بنائے گا، تاہم ایران کی جانب سے اپنے ہی اتحادیوں کو بھی نشانہ بنایا جانا واشنگٹن کے لیے حیران کن ہے۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خزانہ کے سیکرٹری اسکاٹ بیسنٹ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر عائد کی جانے والی سخت ترین اقتصادی پابندیوں نے اسے گہرے معاشی بحران میں دھکیل دیا ہے۔ ان کے مطابق، اسی معاشی دباؤ کے زیراست ایران جوابی حملے کرنے پر مجبور ہے، جبکہ ان پابندیوں کا اصل ہدف تہران کو مجبور کر کے مذاکرات کی میز پر لانا ہے۔