لندن(رم نیوز) انگلینڈ کے ہاتھوں لارڈز ٹیسٹ میں شکست اور سیریز گنوانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرتے ہوئے ہیڈ کوچ سرفراز احمد اور بولنگ کوچ عمر گل کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا ہے، جبکہ سات کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ سے ڈراپ کر کے وطن واپس طلب کر لیا گیا ہے۔
پی سی بی کے فیصلے کے مطابق محمد رضوان، امام الحق، سلمان آغا، علی عثمان، عامر جمال، اویس ظفر اور خرم شہزاد کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ صائم ایوب، عبداللہ فضل، عرفات منہاس، عمران جونیئر، سعد بیگ، عمران رندھاوا اور رضا اللہ کو تیسرے ٹیسٹ سے قبل سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو جلد ہی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ کوچنگ سٹاف میں تبدیلی کرتے ہوئے مائیک ہیسن، جو پہلے ہی وائٹ بال کرکٹ کے کوچ ہیں، کو اب ریڈ بال کرکٹ کی بھی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ ایشلے نوفکے کو نیا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم میں یکدم کی جانے والی ان بڑی تبدیلیوں پر سابق کھلاڑیوں، غیر ملکی مبصرین اور شائقین کی طرف سے شدید حیرت اور تنقید کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ نے لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 194 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بدھ سے ایجبسٹن میں شروع ہوگا۔