ریاض(رم نیوز) وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے ریاض میں 'لیپ فائیو 2026' کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان 'ڈیجیٹل نیشن' کے وژن کے تحت آگے بڑھ رہا ہے کیونکہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی بنیادی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں سیکیورٹی سمیت دیگر تمام شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ یقینی بنایا جا رہا ہے اور آئی ٹی انڈسٹری کی بہتری کے لیے جامع اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے پلیٹ فارم سے ٹیکنالوجی کے شعبے کو مستحکم کرنے کے لیے پائیدار اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ شزہ فاطمہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کار کمپنیوں کو کاروبار دوست اور سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے، اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لامحدود مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک بھر میں ڈیجیٹل گورننس کو وسعت دی جا رہی ہے ۔