دبئی(رم نیوز) ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں آج پاکستان اور تھائی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیمیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ گروپ اے میں شامل قومی ویمنز ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا میچ کھیل رہی ہے، جبکہ اس گروپ میں تھائی لینڈ کی ٹیم اب تک دو میچ کھیل چکی ہے۔
پہلے میچ میں تھائی لینڈ نے ہانگ کانگ کو 6 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں اسے بھارت کے ہاتھوں 94 رنز سے ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قومی ویمنز ٹیم گروپ مرحلے میں اپنا دوسرا میچ 5 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف جبکہ تیسرا اور آخری گروپ میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔