جب تک جہازوں پر فائرنگ بند نہیں ہوتی تہران سے مذاکرات نہیں کریں گے: جے ڈی وینس

واشنگٹن (رم نیوز) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ کے دوران واضح کیا ہے کہ امریکہ اس وقت تک ایران سے کوئی بات چیت نہیں کرے گا جب تک تہران تجارتی جہازوں پر فائرنگ کا سلسلہ بند نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ تنازع کے نومبر کے مڈٹرم الیکشنز تک ختم ہونے کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

نائب صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ چکی ہے اور امریکہ اس اہم آبی گزرگاہ پر بحری جہازوں کو مکمل تحفظ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین ایران کو معاشی طور پر تنہا کرنے کی واشنگٹن کی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہے کیونکہ بیجنگ ایرانی تیل کا ایک بڑا خریدار ہے۔ ایران میں شادی کی تقریب پر ہونے والے مبینہ حملے پر بات کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکی فوج کبھی شہریوں کو نشانہ نہیں بناتی، ایرانی سرکاری میڈیا کی رپورٹس مشکوک ہیں اور ’سینٹکام‘ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے۔