سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، صوبے کی تقسیم کیخلاف قرارداد منظور

کراچی (رم نیوز) سندھ اسمبلی میں صوبے کی تقسیم اور نئے انتظامی یونٹ کے قیام کے خلاف لائی جانے والی قرارداد کو کثرتِ رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما نثار احمد کھوڑو کی جانب سے ایوان میں پیش کی جانے والی اس قرارداد پر ارکان نے بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔

منظوری کے موقع پر پی پی پی کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور ان کے ہاتھوں میں ”سندھ دھرتی ماں ہے“ کے نعرے درج بینرز بھی موجود تھے۔ قرارداد کے متن میں دوٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، جبکہ اس کی حدود میں تبدیلی یا کسی بھی حصے کو الگ کرنے کی ہر تجویز کو مکمل طور پر مسترد کیا جاتا ہے۔ ایوان کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ سندھ کے کسی بھی ضلع یا ڈویژن کو وفاقی انتظام کے تحت دینے کی مخالفت کی جائے گی اور صوبائی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔