اسلام آباد(رم نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کو درپیش موجودہ پیچیدہ اور کثیرالجہتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کو ایک مضبوط اور مؤثر عالمی ادارے کے طور پر سامنے لانا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے منصب کے امیدوار اور یوگنڈا کے صدر کے خصوصی ایلچی سفیر اولارا اوتونو سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر یوگنڈا کے سابق وزیراعظم روہاکانا روگونڈا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں اور مقاصد پر مکمل کاربند ہے اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کا حامی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے حصول کیلئے کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے یہ توقع بھی ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکرٹری جنرل امن و سلامتی، اقتصادی ترقی اور انسانی حقوق کے تینوں اہم ستونوں کے مابین بہترین توازن قائم رکھتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں گے۔سفیر اولارا اوتونو نے عالمی امن اور کثیرالجہتی نظام کی مضبوطی کے حوالے سے پاکستان کی طویل اور گراں قدر خدمات کو سراہا۔