منشیات سے پاک بلوچستان حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(رم نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف جنگ میں حکومت کی 'زیرو ٹالرنس' پالیسی ہے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے بچانا اولین ترجیح ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران صوبے بھر میں 133 ارب روپے سے زائد مالیت کی منشیات ضبط کر کے تلف کی گئی ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران 1,638 کلوگرام آئس، 620 کلوگرام چرس اور 27 ہزار سے زائد غیر ملکی شراب و بیئر کی بوتلیں اور کین قبضے میں لیے گئے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوانوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رہیں گے اور منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔