بالائی پنجاب، اسلام آباد اور خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں اور اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

لاہور(رم نیوز)محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مون سون کا سلسلہ آج تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے تحت اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔ راولپنڈی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سمیت کئی بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے ندی نالوں اور دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں میں طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران تربیلا ڈیم اپنی زیادہ سے زیادہ حفاظتی سطح پر اور منگلا ڈیم 78 فیصد تک بھر چکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ندی نالوں یا نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔ بارش کا یہ سلسلہ 6 ستمبر سے کمزور ہونا شروع ہو جائے گا۔