جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت اجلاس،برآمد و درآمد کنندگان کے لیے 'بحری آسان خدمت مرکز' قائم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت بندرگاہی منصوبوں پر ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاروباری برادری کے لیے اہم سہولت کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کے دوران برآمد و درآمد کنندگان کے لیے 'بحری آسان خدمت مرکز' قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ تمام بندرگاہی خدمات ایک ہی چھت کے نیچے میسر آ سکیں۔

جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ اس اقدام سے تجارتی و کاروباری افراد کو مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ منصوبے کے تحت تمام متعلقہ ادارے اپنے فوکل پرسن مقرر کریں گے اور درخواستوں کی پیش رفت کو ایک مربوط نظام کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا، جبکہ اس میں سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا۔ وزیر بحری امور کا کہنا ہے کہ اس آسان خدمت مرکز کے قیام سے نہ صرف بندرگاہی اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ تجارتی حجم بڑھنے سے ملکی بندرگاہی آمدنی میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔