نجی حج سکیم 2027؛ پیکیجز کے انتخاب اور ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر مقرر

اسلام آباد(رم نیوز)وزارت مذہبی امور نے نجی حج سکیم کے تحت عازمین کے لیے حج پیکیجز کے انتخاب اور رقم کی ادائیگی کی آخری تاریخ 20 نومبر 2026 مقرر کر دی ہے۔ رواں سال پرائیویٹ اسکیم کے لیے کل 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں اور عازمین کی سہولت کے لیے 14 لاکھ سے 37 لاکھ 50 ہزار روپے تک کے 16 بنیادی پیکیجز منظور کیے گئے ہیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق بیشتر حج آرگنائزر کمپنیوں نے پیکیجز حج پورٹل پر اپ لوڈ کر دیے ہیں جہاں شارٹ ڈیوریشن، براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار سہولیات جیسے آپشنز موجود ہیں۔ وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ دھوکا دہی سے بچنے کے لیے ادائیگی صرف آفیشل حج پورٹل یا ’پاک حج ایپ‘ کے ذریعے ہی کریں اور نجی ایجنٹس کو براہِ راست رقم دینے سے گریز کریں۔ مقررہ تاریخ تک کوٹہ مکمل نہ ہونے پر وزارت باقی نشستیں دوبارہ مختص کرنے کا مجاز ہوگی۔