7 ستمبر: پاک فضائیہ کے عزم، جرأت اور فتح کا دن

اسلام آباد(رم نیوز) 7 ستمبر کا دن پاکستان کی عسکری تاریخ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بے مثال شجاعت اور وطن سے وفاداری کا وہ روشن استعارہ ہے جو ہر پاکستانی کے دل میں فخر کا احساس جاگاتا ہے۔ مادرِ وطن کے دفاع کی یہ تاریخ 1965ء کی جنگ کے درخشاں باب سے لے کر آج تک جرأت اور استقامت کی ان گنت داستانوں سے سجی ہے۔ ایئر کموڈور سجاد حیدر کی زیرِ قیادت پٹھان کوٹ ایئربیس پر بولا گیا دھاوا ہو یا سرگودھا کے محاذ پر ایم ایم عالم کا وہ تاریخی کارنامہ جس میں انہوں نے ریکارڈ وقت میں دشمن کے طیارے تباہ کیے، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔ وقت کے ساتھ دشمن کی ہر چال کو ناکام بنانے والے یہ جری فضائی محافظ آج بھی اتنے ہی مستعد اور توانا ہیں جتنے ماضی میں تھے۔یہ دن ہمیں اپنے شہداء کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور اس عزم کو تازہ کرتا ہے کہ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔