یوکرین کا روس اور امریکہ کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات پر زور، کیف میں امریکی وفد سے اہم امور پر تبادلہ خیال

کیف (رم نیوز) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے زور دیا ہے کہ روس، یوکرین اور امریکہ کے درمیان سہ فریقی مذاکرات کے انعقاد کے لیے تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لائی جائیں، اور اب اس سلسلے میں ماسکو کے ردعمل کا انتظار ہے۔ کیف میں اپنے ایک بیان میں صدر زیلنسکی نے امید ظاہر کی کہ امریکی امن مذاکرات کار دوبارہ کیف کا رخ کریں گے۔ انہوں نے حالیہ امریکی وفد کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو انتہائی سودمند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملاقات میں یوکرین کے لیے فضائی دفاعی میزائلوں کی فراہمی، موسم سرما کے امدادی پیکیج کے ساتھ ساتھ سکیورٹی اور اقتصادی ضمانتوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق، مغربی حکام نے بھی تسلیم کیا ہے کہ یوکرین کی پوزیشن اب پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہو چکی ہے۔ ادھر امریکی نمائندگان کا کہنا ہے کہ واشنگٹن یوکرین تنازع کے سفارتی حل کے لیے ایک جامع امن پیکیج کی تیاری پر کام کر رہا ہے۔