کراچی میں صبح کی بوندا باندی سے موسم سہانہ

کراچی (رم نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بوندا باندی سے موسم خوش گوار ہو گیا ہے۔ صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، برنس روڈ، نمائش، گرومندر، ناظم آباد اور ان کے گردونواح میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بوندا باندی کے باعث شاہراہوں پر پھسلن پیدا ہو گئی جس کے نتیجے میں چند مقامات پر موٹر سائیکلیں سلپ ہونے کے واقعات بھی سامنے آئے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر شہری انتظامیہ نے موٹر سائیکل سواروں کو محتاط انداز میں گاڑی چلانے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع زیادہ تر ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں مزید بوندا باندی اور تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔