ایکس نے مالیاتی نظام میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے 'اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام' کا آغاز کر دیا

نیویارک (رم نیوز) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے پلیٹ فارم سے چوری شدہ اور غیر معیاری مواد کے خاتمے کے لیے آمدنی کا پرانا نظام ختم کرکے نیا "اوریجنل کنٹینٹ ریوارڈز پروگرام" متعارف کرا دیا ہے۔ کمپنی کے اعلان کے تحت 7 ستمبر 2026 کو سابقہ "ایڈز ریوینیو شیئرنگ پروگرام" کا باقاعدہ خاتمہ کر دیا گیا ہے، جبکہ 8 ستمبر 2026 سے نئے پروگرام کے لیے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

ایکس نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کی شناختی تصدیق اور ادائیگی کا نظام پہلے سے مکمل ہے، انہیں دوبارہ یہ مرحلہ طے کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ اپنے کریئیٹر سٹوڈیو سے اہلیت کی جانچ کر سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد ان اکاؤنٹس کی حوصلہ شکنی کرنا ہے جو دیگر پلیٹ فارمز سے ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرکے یا ٹی وی کلپس کاٹ کر ایکس پر اپ لوڈ کر رہے تھے، تاکہ صرف حقیقی اور طبع زاد مواد بنانے والے تخلیق کاروں کو مالی فوائد دیے جا سکیں۔