اسلام آباد(رم نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود شہریوں سے براہِ راست ان کے مسائل دریافت کیے۔ دورے کے دوران وزیر داخلہ نے فیسلیٹیشن سنٹر میں ایجنٹس کی موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف فوری اور بھرپور کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کاؤنٹرز پر لمبی قطاروں، رش اور تاخیر پر بھی شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور بزرگ شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ شہریوں نے وزیر داخلہ کو آگاہ کیا کہ سنٹر کا نظام تاحال مینول ہے اور بروقت دستاویزات نہ ملنے کی وجہ سے انہیں بار بار چکر لگانا پڑتے ہیں۔ اس پر محسن نقوی نے فیسلیٹیشن سنٹر کے نظام کو فوری طور پر مکمل ڈیجیٹل کرنے، عمارت کی تزئین و آرائش اور نئے کاؤنٹرز بنانے کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں نمایاں اور واضح بہتری لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا سی ڈی اے فیسلیٹیشن سنٹر کا دورہ