کشیدہ علاقائی صورتحال میں پاک بحریہ تجارتی آمدورفت یقینی بنا رہی ہے: وزیراعظم کا یوم بحریہ پر پیغام

اسلام آباد (رم نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم بحریہ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں پاک بحریہ کے افسران، جوانوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو دِلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی دن ہم پاک بحریہ کے شہداء، غازیوں، سابق اور موجودہ اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال خدمات انجام دیں اور آج بھی فرض شناسی کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یاد دلایا کہ 8 ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران پاک بحریہ نے شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’سومناتھ‘ کامیابی سے انجام دیا۔ ایک بڑی اور بھاری اسلحے سے لیس دشمن قوت کے مقابلے میں ہمارے بحری جہازوں نے درست کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی اہم ساحلی تنصیبات کو تباہ کیا اور سمندر میں نفسیاتی برتری حاصل کی۔

اس کے علاوہ بحرِ ہند میں آبدوز ’غازی‘ کی موجودگی نے دشمن کی نقل و حرکت کو مفلوج کر کے بحری جنگ کی تاریخ میں سنہرا باب رقم کیا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2025 کے معرکۂ حق کے دوران بھی پاک بحریہ نے اسی عزم اور اعلیٰ عملی تیاری کا مظاہرہ کیا جس کے باعث عددی برتری رکھنے والا دشمن سمندر میں کسی بھی جارحانہ کارروائی سے باز رہا۔ موجودہ تزویراتی منظرنامے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشیدہ علاقائی صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ چکی ہیں اور وہ ہماری بین الاقوامی بحری مواصلاتی گزرگاہوں اور تجارت کے لیے اہم بحری راستوں کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔