دبئی (رم نیوز)ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ہانگ کانگ کو 72 رنز کے واضح فرق سے شکست دے کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ دبئی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے۔ بیٹنگ کے دوران شوال ذوالفقار 47 اور عائشہ ظفر 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 24 رنز کی ذمہ دارانہ اور ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔
ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم قومی سپنر نشرہ سندھو کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم محض 71 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ نشرہ سندھو نے پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی تاریخ کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ پاکستان ویمنز ٹیم نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں 11 ستمبر کو فائنل کی دوڑ میں اس کا مقابلہ سری لنکا ویمنز ٹیم سے ہوگا۔